خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے اقوامِ متحدہ کے "گروپ آف فرینڈز” کا قیام

اقوامِ متحدہ نے خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے ‘گروپ آف فرینڈز’ تشکیل دے دیا ہے جس کے 155 اراکین ہیں۔ ان میں سے 126 اقوامِ متحدہ کی رکن ریاستیں ہیں اور ایک غیر رکن ریاست ہے جبکہ 28 بین الاقوامی انجمنیں بھی اس کا حصہ ہیں۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل امینہ جے محمد نے اپنے خصوصی پیغام میں اس ‘گروپ آف فرینڈز’ کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم یورپی یونین اور اسپاٹ لائٹ منصوبے کے ساتھ مل کر 2030ء تک خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس صنفی مساوات اور پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے حصول کے لیے قائدانہ کردار جاری رکھنے کو عملاً پیش کرتا ہے۔ ” بدقسمتی سے، کووِڈ-19 کی وباء نے خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے ہونے والی پیشرفت کو نقصان پہنچایا لیکن ساتھ ہی چند تلخ حقائق سے پردے بھی اٹھائے۔ کئی خواتین کو مہینوں تک خود پر ظلم کرنے والوں کے ساتھ ہی بند رہنا پڑا، پھر لاک ڈاؤن کی وجہ سے سپورٹ سروسز بھی محدود تھیں اس لیے جب ان کی شدید ضرورت تھی، تبھی یہ سروسز میسر نہیں تھیں۔ وباء سے بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات نے کئی لڑکیوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں، جیسا کہ بچپن کی شادی۔ کیونکہ مشکل حالات کی وجہ سے ان کا خاندان کچھ مشکل فیصلے کرنے پر مجبور ہوا۔

امینہ محمد نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہم نے دنیا میں اپنی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جس طرح سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے اپریل میں عالمی برادری سے اپیل کی تھی کہ وہ صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کو روکنے کے لیے اپنے کووِڈ-19 قومی منصوبوں میں اس تشدد کو روکنے کے اقدامات بھی شامل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسپاٹ لائٹ منصوبے کے ذریعے ہم نے کئی سپورٹ سروسز کو آن لائن کیا اور خواتین کو تشدد سے بچانے کے لیے نئی ٹیکنالوجیوں کا استعمال کیا۔

لیکن اب بھی ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ ‘گروپ آف فرینڈز’ کے ذریعے ہم سیاسی تائید حاصل کریں گے، اضافی سرمایہ بھی فراہم ہوگا اور اس جدوجہد میں جو سبق سیکھے جائیں گے انہیں دوسروں کے ساتھ شیئر بھی کیا جائے گا۔ یوں ہمہ جہت اور کثیر پہلو اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ خواتین کے تحفظ اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف ردعمل کو مضبوط تر بنایا جائے۔

واضح رہے کہ اس وقت عالمی سطح پر ‘فعالیت کے 16 دن’ منائے جا رہے ہیں جو 25 نومبر خواتین پر تشدد روکنے کے لیے منائے جانے والے عالمی دن سے لے کر 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک 16 دن تک جاری رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے